اتوار 30 اگست 2026 - 09:54
ماگام کشمیر میں انجمنِ شرعی کے تحت پروقار جلوس میلاد اور محفل: مقررین کا تعلیم و تربیت کو اخلاق نبویؐ سے ہم آہنگ کرنے پر زور

حوزہ/ہفتۂ وحدت اور عید میلاد النبی ؐ کی تقریبات کے سلسلے میں جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام ماگام میں ایک پروقار جلوس میلاد اور سیرتی محفل منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جلوس میلاد میر امان کمپلیکس ماگام سے انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی کی قیادت میں برآمد ہوا۔ جلوس مین روڈ ماگام سے ہوتا ہوا امام بارگاہ یاگی پورہ ماگام پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ماگام کشمیر میں انجمنِ شرعی کے تحت پروقار جلوس میلاد اور محفل: مقررین کا تعلیم و تربیت کو اخلاق نبویؐ سے ہم آہنگ کرنے پر زور

جلوس میں انجمن کے شعبۂ تعلیم باب العلم سے وابستہ مکاتب کی شاخوں، حوزۂ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام کے سینکڑوں طلبہ و طالبات، معلمین و معلمات، انجمن کے اراکین و کارکنان، علمائے دین اور بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

جلوس کے اختتام پر امام بارگاہ یاگی پورہ میں سیرتی محفل منعقد ہوئی، جس سے انجمنِ شرعی شیعیان کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس موسوی نے خطاب کیا۔

انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی علمی اور عملی زندگی میں رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کے اخلاق اور سیرت کو بنیادی رہنما اصول بنائیں۔

ماگام کشمیر میں انجمنِ شرعی کے تحت پروقار جلوس میلاد اور محفل: مقررین کا تعلیم و تربیت کو اخلاق نبویؐ سے ہم آہنگ کرنے پر زور

مولانا مجتبیٰ موسوی نے کہا کہ رسول اکرم ؐ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔

انہوں نے قرآن مجید کی آیت لَقَدْ كَانَ لَكُمْ في رَسُول اللّٰه أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی تعلیم وہی ہے جو اخلاقی اقدار سے وابستہ ہو۔

انہوں نے انجمن کے شعبۂ تعلیم و تربیت، معلمین، معلمات اور دیگر ذمہ داران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کی دینی تعلیم، اخلاقی تربیت اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم اور سائنسی ترقی اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم اخلاق سے عاری علم نامکمل رہتا ہے۔

اپنے خطاب میں تنظیم کے جنرل سیکریٹری نے موجودہ عالمی منظرنامے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی طاقت ہتھیاروں، تجارت یا اثر و رسوخ میں نہیں بلکہ عدل، انسانی وقار اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری میں ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل کو حصول علم میں آگے بڑھنے اور اخلاق محمدی ؐ سے وابستہ رہنے کی تلقین کی۔

انہوں نے اسلام کے صحیح اور مثبت پیغام کو شعور، مکالمے اور ذرائع ابلاغ کے ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے عام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

حجت الاسلام مجتبیٰ موسوی نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر انجمن کی زونل و مقامی کمیٹیوں، شعبۂ تعلیم و تربیت، معلمین و معلمات، رضاکاروں، طلبہ اور تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شرکائے محفل کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے دین مبین اسلام اور فکر محمد و آل محمد علیہم السلام کی ترویج کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha